یوم آزادی پر ہر پاکستانی متح ہو کر ملکی بقا و ترقی کیلیے کام کرے، ابرار احمد

162

 

نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع بے نظیر آباد میں 14 اگست جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر بے نظیر آباد ابرار احمد جعفر کی زیر صدارت دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہر پاکستانی کو یہ عزم کرنا چاہیے کہ سب متحد ہوکر ملک کی بقا، ترقی اور خوشحالی کے لیے جدوجہد کریں گے۔ جس طرح ہم اپنے گھر کو سجاتے ہیں، اسی طرح یہ ملک بھی ہمارا گھر ہے، اس کو بھی اسی طرح سجانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی طرح بے نظیر آباد میں بھی جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری عمارتوں اور گاڑیوں کو قومی پرچموں وجھنڈیوں سے سجایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست کا دن پاکستانی قوم کے لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے، اس دن کو ہم سب کو ایک ساتھ مل کر قومی جوش وجذبے سے منانا ہوگا۔ انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی ایم او، ٹی اوز اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ 14 اگست کی تقریبات سے پہلے ضلع بھر کی نجی و سرکاری عمارتوں بالخصوص اسپتالوں میں صفائی و ستھرائی کو یقینی بنائیں اور جشن آزادی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اپنے متعلقہ تحصیلوں میں محکمہ تعلیم، اسپورٹس، سوشل ویلفیئر و دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس طلب کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کو ضلع بھر کے اسکولوں، کالجز میں پاکستان کے نظریے اور جشن آزادی کے حوالے سے تقریری وملی نغموں کے مقابلے کرائے جائیں تاکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ تقریری مقابلوں کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ وطلبات کو جشن آزادی کی تقریبات کے موقع پر انعام، سرٹیفکیٹ و شیلڈ بھی دی جائیں گی۔ انہوں نے محکمہ پولیس کے افسر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے دوران تمام سیکورٹی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست والے دن کی شروعات فجر کی نماز کے بعد قوم اور ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کی جائے گی۔ اس دن خاص تقریب ڈپٹی کمشنر آفس کمپلیکس میں منعقد ہوگی جس میں ڈپٹی کمشنر پرچم کشائی کریں گے اور پولیس اسکاؤٹ کے دستے سلامی پیش کریں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جشن آزادی کے دن اسپتالوں میں داخل مریضوں اور جیل کے قیدیوں میں مٹھائی اور پھل بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم حامد، اسسٹنٹ کمشنر نوابشاہ نبیل ریاض سندھو، اسسٹنٹ کمشنر دوڑ سید جہانگیر علی، اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ سلیم جتوئی، انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی، سماجی بہبود، پولیس، بلدیہ، جیل افسر، مختارکار، صحت، تعلیم کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔