حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں

154

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی میڈیا کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد یونس دانش نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوںایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں، جبکہ عوام کا معیار زندگی تیزی سے پستی کی جانب رواں دواں ہے ووٹ کو عزت دو اور تبدیلی آئی ہے کا نعرہ دم توڑ رہا ہے حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوںنے عوام سے صرف نظر کرلیا ،غریب عوام دووقت کی روٹی ،پینے کے صاف پانی اور باعزت روزگار کے لیے ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، عوام کے حقیقی مسائل کو چھوڑ کرپارلیمنٹ رسہ کشی میں لگ گئی ہے غربت اور افلاس نے ملک میں ڈھیرے ڈال لئے ہیں معیشت تباہی کے دھانے پرپہنچ چکی ہے ،نئی پارلیمنٹ کی تشکیل کو ایک سال ہوچکا ہے مگر افسوس اب تک اس پارلیمنٹ کی ایک سالہ کارکردگی صفر ہے، اس ایک سال میں غربت، افلاس، بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے کوئی قانون سازی نہیں ہوئی، کوئی ایک قرار داد پارلیمنٹ نے منظور نہیںکی، بلکہ لچھے دار تقریریں کر کے اراکین پارلیمنٹ نے غربت، افلاس اور بے روزگاری کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے مزید نمک پاشی کی، پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں نے عوام کو مایوس کیا۔ عوام اب تبدیلی اور ووٹ کو عزت دوکے نعرے سے بیزار ہوچکے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ قوم رسول اللہﷺ کے نظام کو نافذ کرنے اور حقیقی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے گنبد خضرا کے جھنڈے تلے جمع ہوجائے۔