پاکستان اورامریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ

143

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اورامریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اسی طرح ختم ہونے والے مالی سال میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران امریکا بدستور پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے سرفہرست رہاہے، چین اوربرطانیہ فہرست میں دوسرے اورتیسرے نمبر پر ہیں۔ ادارہ برائے شماریات وراسٹیٹ بنک کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2018-19 میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 4.032 ارب ڈالررہا جو مالی سال 2017-18 کے مقابلے میں 4.21 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2017-18 کے دوران امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 3.86 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران امریکا سے درآمدات میں مالی سال 2017-18 کے مقابلے میں 0.72 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2018-19 میں امریکا سے درآمدات کا حجم 2.092 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، مالی سال 2017-18 میں امریکاسے درآمدات کا حجم 2.077 ارب ڈالر رہاتھا۔مالی سال2016.17 میں امریکا سے درآمدات کا حجم 2.10 ارب ڈالر رہاتھا۔پاک امریکا دوطرفہ تجارت کے علاوہ امریکا میں مقیم لاکھوں پاکستانی ترسیلات زرکی مد میں قومی معیشیت کے فروغ میں اہم کرداراداکررہے ہیں۔اس حوالہ سے موجود اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 2.18 ارب ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو مالی سال 2017-18 کے مقابلے میں 20.15 فیصدزیادہ ہے۔ مالی سال 2017-18 میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 1.99 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک بجھوایاتھا۔