عالمی ادارے مزید 4 ارب ڈالر دینے کیلیے راضی ہوگئے

173

پشاور(آن لائن) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک،ایشین ڈیویلپمنٹ بنک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن خیبر پختونخوا میں پن بجلی کے 8 منصوبوں کی تعمیر کے لیے 4 ارب ڈالر کی فنڈنگ کریں گے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کو 1300 میگاواٹ بجلی کی
پیداوار حاصل ہوگی اور یہ منصوبے آئندہ 4 سے 6 سال کی مدت میں مکمل ہوں گے۔پن بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے علاوہ دیگر صوبوں کو بجلی فروخت کرنے کے قابل ہوجائے گا۔،انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی مدد سے پیڈو کی تنظیم نو اور کارکردگی میں اضافہ کیا جائے گا۔ عالمی اداروں کی مالی معاونت پختونخوا حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے، حکومت منصوبوں کی تکمیل کو چیلنج کے طور پر پورا کریگی۔ پختونخوامیں پن بجلی کے بے پناہ وسائل موجود ہیں، آئندہ چند برس میں ہم دوسرے صوبوں کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک کوبھی بجلی برآمد کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔ انرجی سیکٹر پختونخوا کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،صوبے کی ریونیو کا تقریباً90 فیصد حصہ اسی شعبے سے حاصل ہوتا ہے۔ صوبے میں توانائی کے شعبے کو فروغ دینے سے سرمایہ کاری بڑھے گی اورہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔