آئی سی سی نے لمز بائیو مکینکس لیب کی منظوری دیدی

271

لاہور(جسارت نیوز ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں قائم کردہ پاکستان کی پہلی بائیو مکینکس لیب کی منظوری دیدی ہے، لیب میں غیرقانونی اور مشکوک بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کیے جاسکیں گے،پی سی بی کی بائیو میکنکس لیب مشکوک اور غیرقانونی بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے آئی سی سی سے منظور شدہ پانچواں سنٹر بن گیا ہے، اس سے قبل نیشنل کرکٹ سنٹر برسبین، لف برا یونیورسٹی، سر رماچندرایونیورسٹی چنئی اور پریٹوریا یونیورسٹی سنٹر کام کررہے ہیں،لیب آئی سی سی کے مشکوک اور غیرقانونی بولنگ ایکشن سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کرے گی،پی سی بی کے اشتراک سے قائم کردہ لیب میں کھلاڑیوں کے بولنگ ایکشن میں تکنیکی خامیاں دور کرنے پر بھی کام کیا جائے گا، ٹیسٹ سنٹر کا بنیادی مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں رپورٹ ہونے والے قومی کھلاڑیوں کے بولنگ ایکشن کو درست کرنا ہے،سنٹر سے پی سی بی کو قومی کھلاڑیوں کے بولنگ ایکشن کا بائیو مکینیکل جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی، اس موقع پر ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے لمز میں قائم کردہ بائیو میکنکس لیب کی منظوری پی سی بی کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ایک اور کامیاب کوشش ہے،وسیم خان کا کہنا ہے کہ لیب کی سہولت سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو غلط بائولنگ ایکشن کی بروقت نشاندہی اوردرستگی کرنے میں معاون ثابت ہوگی، ماضی میں ہمارے پاس بائیو میکنکس لیب نہ ہونے کے باعث کئی قومی کھلاڑیوں کواپنے ایکشن میں تبدیل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،کھلاڑی کے لیے غیرقانونی بائولنگ ایکشن کی وجہ سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پرپہنچ کراپنے ایکشن میں تبدیلی کرنا آسان نہیں ہوتا،ایم ڈی پی سی بی کا کہنا ہے کہ لیب دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے لیے دستیاب ہوگی، ہم آئی سی سی کے تعاون سے کھلاڑیوں کے مشکوک بائولنگ ایکشن ٹیسٹ کے لیے تیار ہوں گے،یہ سہولت صرف بائولنگ ایکشن ٹیسٹ کے لیے ہی نہیں بلکہ یہاں غیرملکی کھلاڑی بھی کوچز اور ماہرین کی مشاورت سے اپنے بائولنگ ایکشن کا بائیومکینیکل جائزہ لے کر خامیوں کو دور کرسکتے ہیں،جنرل منیجر کرکٹ آئی سی سی جیف الارڈائس کا کہنا ہے کہ لمز کے اشتراک سے بائیو میکنکس لیب کیلئے مقررہ معیار کو پورا کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، لیب کی منظوری پی سی بی کی مشکوک اور غیرقانونی بائولنگ ایکشن سے نمٹنے کی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے،جنرل منیجرکرکٹ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ لمز میں قائم کردہ ٹیسٹ سنٹر کا مقصد پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ میں رپورٹ ہونے والے کھلاڑیوں کے بائولنگ ایکشن کو عالمی معیار کے مطابق ٹیسٹ کرنا ہے، انٹرنیشنل مقابلوں میں مشکوک بائولنگ ایکشن رپورٹ ہونے والے کھلاڑی بھی یہاں ٹیسٹ کرواسکتے ہیں،لمز کی سہولیات کی تشخیص کیلئے ایک معیار رکھا گیا تھا جس میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے اپنے پورے رن اپ سے گیند کرنے کیلئے انڈور ایریا کی دستیابی شامل ہے،12 ہائی اسپیڈ کیمروں کی مدد سے تین مختلف زاویوں سے ڈیٹا اکٹھا کرنا اور مخصوص سسٹم کو استعمال کرنے کے لیے قابل ماہرین کی موجودگی بھی معیار پر پورا اترتی ہے جبکہ دیگر ٹیسٹ سنٹر کی طرح آئی سی سی نے لمز سنٹر کو بھی بائولنگ ایکشن ٹیسٹ کے لیے سامان اور سافٹ ویئرز مہیا کئے ہیں۔