تعلیم کی بہتری کیلیے شفاف نتائج کا اجرالازمی ہوتا ہے‘خالد محمود

140

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ نتائج کا اجرا تعلیم کا ا ہم جزو ہے اور اس کی شفافیت لازمی عنصر ہے۔ ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال تعلیم کے معیار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہو میو پیتھک کالج کے آڈیٹوریم میں ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خالد محمود عراقی کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے درمیان موجود ہوں ۔ تعلیمی اداروں میں تدریسی ، تعلیمی سرگرمیاں ،نصاب کی تکمیل امتحانات ، جائزہ اورنتائج یہ سب تعلیم کے اجزاء ہیں اور نتائج تعلیم کا اہم جزو ہے ۔ تعلیم کی بہتری کے لیے شفاف نتائج کا اجراء لازمی عنصر ہوتا ہے ۔اگر ہم نتائج شفاف نہ سکیں تو یہ والدین اور طلبہ کے ساتھ زیادتی ہو گی۔ میری ذاتی خواہش ہے کہ تعلیم ہماری ترجیحات میں شامل ہو۔ ہرشخص کو تعلیم کی بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈلنا ہوگا تب ہی ہم سب مل کر تعلیمی نظام کو بہتر اور معیاری کرسکتے ہیں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے انسان جہاںاپنی زندگی کو بہتر بنارہا ہے وہیں تعلیمی میدان میں اس کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کررہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔ اگر ہم ٹیکنالوجی استعمال کرنا نہیں جانتے ہیں تو ترقی کی راہ پر گامزن بھی نہیں ہوسکتے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ کامیاب طلبہ کے والدین اور اساتذہ کو سلام پیش کرتا ہوں ۔