محروم خاندانوں میں باعزت طور پر قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے،رمضان چھیپا

157

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) چھیپا ویلفیئر نے ہر سال کی طرح اس سال بھی اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا ہے ۔ اس حوالے سے ڈاکٹر محمد رمضان چھیپا نے اپنے ایک پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ گوشت کی نعمت سے محروم خاندان آپ کے تعاون کے منتظر ہیں۔ مخیر حضرات بڑی تعداد میں چھیپا ویلفیئر کے ساتھ اجتماعی قربانی میں حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی اخوت اور بھائی چارے کا نام ہے، عیدالاضحی امت کے لیے قربانی و ایثار کا پیغام ہے، قربانی ایک اہم مذہبی فریضہ ہے اور اجتماعی قربانی بھی اسی کا ایک خوبصورت طریقہ ہے، ضرورتمند،مستحق اور سفید پوش خاندانوں کو عیدالاضحی کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے چھیپا ویلفیئر ہر سال اجتماعی قربانی کا اہتمام کرتا ہے تاکہ سال بھر گوشت کی نعمت سے محروم خاندانوں میں مکمل تعظیم و تکریم کے ساتھ قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے اور اُنہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے چھیپا ویلفیئر ہر سال کی طرح اس سال بھی اجتماعی قربانی کا اہتمام کر رہا ہے جس کے لیے بُکنگ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ،اجتماعی قربانی کے لیے جانوروں کی خریداری ،ان کی دیکھ بھال ، ان کے ذبیح اور گوشت کی تقسیم تک تمام امور محمد رمضان چھیپا کی سرپرستی میں انجام پاتے ہیں اور چھیپا کے رضاکار دور دراز پسماندہ بستیوں ،کچی آبادیوں اور مضافاتی علاقوں میں چھیپا کی ایمبولینسوں اور چھیپا دسترخوان کی کارگو گاڑیوں کے ذریعے مستحق و ضرورتمند خاندانوں تک پہنچاتے ہیں۔