لاہور میں موسلادھار بارش، 2 افراد جاں بحق

393

ملک کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

لاہور میں موسلادھار بارش سے شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے۔ لوگوں کو دفاتر جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ بارش کے باعث ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم اور ہیڈ کوارٹر کی چھتیں بھی ٹپکنے لگیں۔ لیسکو کے 180 فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

کراچی میں بھی سیاہ بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ کئی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے لگیں اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی کے ایک گھر میں بارش کا پانی بیسمنٹ (تہہ خانے) میں بھرگیا جس میں ڈوب کر ماں بچہ جاں بحق ہو گئے۔ 30 سالہ ماں اپنے ایک سالہ بیٹے کو بچاتے ہوئے پانی میں ڈوب گئی۔

راول پنڈی میں شدید بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث طغیانی پری الرٹ وارننگ جاری کردی گئی۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 فٹ سے تجاوز کرگئی ہے۔