چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے 6 بڑے شہروںکیلیے بزنس پلان تیار کرلیا

177

 

اسلام آباد (اے پی پی) چینی سرمایہ کاروں نے جڑواں شہروں سمیت پاکستان کے 6 بڑے شہروں میں شہریوں کو اہم خدمات کی فراہمی کیلیے جامع بزنس پلان مرتب کر لیا ہے، ابتدائی مرحلہ میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جبکہ مستقبل میں سرمایہ کاری کا حجم 600 ملین ڈالر سے تجاوز
کر جانے کا امکان ہے۔ یہ بات چینی کمپنی ٹائم ساکو کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈونلڈ لی نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کار ٹرانسپورٹ، کارگو، بینکوں کے لین دین اور ایڈورٹائزنگ سمیت 6 شعبوں میں شہریوں کو خدمات فراہم کرنے کیلیے سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں براق ٹیکسی سروس، ہیوی کارگو ڈیلیوری، آرڈرز ڈیلیوری، متحرک اے ٹی ایم مشین اور وہیکل ایڈورٹائزمنٹ سہولیات شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر جڑواں شہروں سمیت پشاور، لاہور، کراچی اور فیصل آباد میں یہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹائم ساکو نے ایک ہفتے پہلے اسلام آباد میں براق ٹیکسی سروس، فیما کے نام سے فوری ڈیلیوری اور کارگو پلس کے نام سے خدمات کی فراہمی شروع کر دی ہے، ان خدمات کی فراہمی میں ای کامرس کے اختراعی ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسی سروس کے ذریعے ابتدائی طور پر تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز اور شادی ہالز جانے تک 10 فیصد کی رعایت دی جا رہی ہے۔ اساتذہ، آرمی اور طلبہ کو رعایتی نرخوں پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس سروس کے استعمال کیلیے صارفین گوگل کے پلے اسٹور سے ایپ ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔
چین سرمایہ کاری