سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کورنگی آئی اسپتال سے 7دن میں جواب طلب کر لیا

146

کراچی(نمائندہ جسارت)ایل آر بی ٹی آئی اسپتال کورنگی کے متاثرہ مریض محمد عابد انصاری کی اہلیہ کی جانب سے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو لکھے گئے خط کے جواب میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایل آر بی ٹی آئی اسپتال کی انتظامیہ سے 7دن میں جواب طلب کر لیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف کمپلینٹ ایس ایچ سی سی کی جانب سے 19 جولائی کو ایڈمنسٹریٹر ایل آر بی ٹی آئی اسپتال کراچی کے نام ایک خط جاری
کیا گیا جس میں اسپتال انتظامیہ سے کہا گیا کہ ان کے خلاف مریض محمد عابد انصاری کے عزیز ڈاکٹر ممتاز عمر کی جانب سے طبی غفلت اور ناروا سلوک کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی ہے، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو مریض محمد عابد انصاری کا مکمل میڈیکل ریکارڈ تحقیقات کے لیے درکار ہے، ایس ایچ سی سی کے دفتر میں فوری جمع کرا دیں۔ واضح رہے کہ متاثرہ مریض محمد عابد انصاری کا ایل آر بی ٹی آئی اسپتال کورنگی میں 10 جولائی کو دائیں آنکھ میں موتیا پک جانے کے باعث آپریشن ہو ا تھا لیکن آپریشن کے بعد ان کی آنکھ میں پس پڑنا شروع ہوا اور بالآخر جناح اسپتال میں آنکھ ضائع ہوگئی جسے نکال کر مصنوعی آنکھ لگانا پڑی تھی، جس کی وجہ سے انہیں اپنی نوکری سے بھی ہاتھ دھونا پڑاہے۔
کورنگی آئی اسپتال