نیوزی لینڈ ایوارڈ کے اصل حق دار ولیم سن ہیں، بین اسٹوکس کیوی کپتان کے حق میں دستبردار

145

لندن(جسارت نیوز) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈ بین اسٹوکس نے نیوزی لینڈر آف دی ایئر ایوارڈ سے دستبردار ہوتے ہوئے اس کا اصل حق دار کین ولیم سن کو قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2019میں شاندار کارکردگی دکھانے پر کیوی ٹیم کے کپتان ولیم سن اور بین اسٹوکس کو نیوزی لینڈر آف دی ایئر ایوارڈ کے نام نامزد کیا گیا البتہ انگلش ٹیم کے آل رائونڈر کیوی کپتان کے حق میں دستبردار ہوگئے۔یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 کے دوران بین اسٹوکس نے 465 رنز بنائے اور 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فائنل میں بھی انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اسی طرح ولیم سن نے اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی۔اب انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر بین اسٹوکس نے نیوزی لینڈر آف دی ایئر ایوارڈ کی نامزدگی قبول کرنے سے انکار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ اس ایوارڈ کے صحیح حقدار کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہی ہیں۔بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ میں نیوزی لینڈ میں پیدا ضرور ہوا مگر 12 سال کی عمر میں انگلینڈ منتقل ہوگیا اور اب یہی کا شہری ہوں اس لیے ایوارڈ کی نامزدگی کا حقدار نہیں، اگر کوئی اس کا صحیح حق دار ہے تو وہ ولیم سن ہی ہیں۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر نے کہا کہ ولیم سن نہ صرف بہترین کھلاڑی ہیں بلکہ انہوں نے خود کو اچھا کپتان بھی ثابت کیا، میرا ووٹ بھی ان کے ہی نام ہے۔