کرکٹ کی 142سالہ تاریخ میںنوبال تنازع کا خاتمہ قریب

179

نئی دہلی(آئی این پی)کرکٹ کی 142سالہ تاریخ میں آئی سی سی کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ کرکٹ میں نوبال کے حوالے سے اب کوئی تنازع جنم نہیں لے گا کیونکہ آئی سی سی نے نو بال ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے، یہ ٹیکنالوجی سب سے پہلے بھارت میں استعمال ہوگی۔اس بات کا دعوی بھارتی اخبار نے کیا ہے۔ اخبار کے مطابق نوبال ٹیکنا لوجی ایک ایسی تکنیک ہے جس کے ذریعے بولر کے پیرپرنگاہ رکھی جا سکے گی۔نو بال ٹیکنالوجی کے متعلق اخبار نے لکھا ہے کہ جیسے ہی بولر کا پائوں کریز پر پڑے گا تو اس پر تھرڈ امپائر کیمرے سے نظر رکھے گا اور اگر پائوں کریزسے آگے ہوگا تو تھرڈ امپائرفورا میدان میں کھڑے امپائرکواس کی اطلاع دے گا۔عموما تھرڈ امپائرڈی آرایس کے دوران ہی بولرکے پائوں پہ نگاہ ڈالتا ہے لیکن اب نو بال ٹیکنا لوجی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو گا۔بھارتی اخبار کے مطابق نوبال ٹیکنا لوجی فی الوقت بہت مہنگی ہے اور اسی وجہ سے آئی سی سی اس کے استعمال سے ہچکچا رہی ہے کیونکہ ایک محتاط اندازے کے مطابق فی میچ ہزاروں ڈالرز خرچہ آئے گا مگر اب بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے مطالبے پر آئی سی سی اس کے لیے تیار ہوگئی ہے جس کے بعد سب سے پہلے یہ ٹیکنالوجی بھارت میں استعمال کی جائے گی۔