بلاول کا حکومت کے حق میں بیان سے مریم نواز ناراض

183

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بلاول زرداری کی جانب سے قومی مفاد کے لیے حکومتی اقدامات کی غیرمشروط حمایت کے اعلان کے بعد ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں کومریم کی ناراضگی سے آگاہ کر
دیا گیا ہے۔بلاول کی جانب سے دورہ امریکا کے موقع پر عمران خان کی غیر مشروط حمایت کے ٹویٹ پر مریم نواز سمیت ن لیگ کے کئی رہنماؤں نے نہ صرف ناراضگی کا اظہار کیا بلکہ اسے اپوزیشن کے اندر دراڑ ڈالنے کا سبب بھی قرار دیا۔ذرائع کے مطابق ایک ن لیگی رہنما نے پیپلز پارٹی کی ایک اہم شخصیت سے سوال کیا کہ کہیں آپ لوگوں کے معاملات تو طے نہیں ہو گئے اور بلاول کہیں اسی لیے امریکا تو نہیں گئے تھے؟ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول کی جانب سے ان کے عمران خان کے حوالے سے ٹویٹ کے بعد ن لیگ کے چند اہم رہنماؤں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹوکے قریبی ساتھیوں کو پیغام دیا کہ بلاول کو اس موقع پر یہ ٹویٹ نہیں کرنا چاہیے تھا۔اس ٹویٹ کی وجہ سے اپوزیشن کے اندر اختلافات پیدا ہو سکتے ہیں۔ ہم میں سے اگر کوئی عمران خان کے اس دورہ کے حوالے سے تعریف اور حمایت کرتا ہے تو اس سے حکومت کو تقویت اور اپوزیشن کو نقصان پہنچتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے ن لیگی رہنماؤں کو کہہ دیا گیا کہ وہ بلاوجہ اور بلا مقصد تنقید کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔حکومت نے جو غلط کام کیے ان کے خلاف مسلم لیگ ن سے زیادہ پیپلزپارٹی نے ا سٹینڈ لیا اورپیپلزپارٹی نہیں البتہ مسلم لیگ ن ڈیل کر سکتی ہے۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ مولانا فضل الرحمان بھی اس معاملے پر بلاول زرداری سے ناراض ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس ساری صورتحال میں آصف علی زرداری کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے چند اہم رہنما متحرک ہوئے اور انہوں نے ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اس معاملے پر حکومت کے خلاف اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مریم بلاول سے ناراض