مودی نے ثالثی کی درخواست کی تھی،بھارت جھوٹ نہ بولے،امریکی صدر کوئی بات نہیں گھڑتے ،مشیر ٹرمپ

159

واشنگٹن (صباح نیوز)مودی نے کشمیر پر ثالثی کی درخواست کی تھی۔بھارت جھوٹ نہ بولے۔امریکی صدر کوئی بات نہیں گھڑتے۔مشیر ٹرمپ۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے معاشی امور نے بھارتیوں کو آئینہ دکھا کر بھارتی وزیرخارجہ کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔صحافی نے صدر ٹرمپ کے مشیر لیری کڈلو سے کشمیر پر ثالثی سے متعلق امریکی صدر کے بیان کے بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے بھارتیوں کے سامنے اصل بات کھول کر رکھ دی۔امریکی صدر کے مشیر سے پوچھا گیا کہ بھارت ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کی تردید کر رہا ہے کہ نریندر مودی نے کشمیر پر ثالثی کے لیے ان سے کہا ہے، کیا یہ بات صدر ٹرمپ نے خود گھڑی ہے؟لیری کڈلو نے واضح الفاظ میں کہا کہ امریکی صدر خود سے کوئی بات نہیں گھڑتے۔ میں اس سوال کو ہی انتہائی نامناسب سمجھتا ہوں۔ ٹرمپ نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا ہے۔یاد رہے امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران بتایا تھا کہ دو ہفتے قبل انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ان سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالث بننے کی درخواست کی اور کہا کہ کیا آپ ثالث بنیں گے۔ میں نے پوچھا کس چیز پر؟ تو مودی نے کہا کہ آپ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کریں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر انڈین میڈیا اور سیاست میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی صدر کے مسئلہ کشمیر سے متعلق بیان پر خود وضاحت پیش کریں۔لیری کڈلو کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ چیزوں کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرتے۔ میرے خیال میں یہ بہت نامناسب سوال ہے۔ میں اس سے دور رہنا چاہتا ہوں۔ میں اس کا جواب دہ نہیں ہوں۔ جان بولٹن، پومپیو اور صدر خود اس کے بارے میں بتائیں گے۔ میں اس پر کوئی بات نہیں کر رہا۔ واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی نے ٹرمپ کو کشمیر پر ثالثی کے لیے نہیں کہا۔پاکستان سے تمام مسائل دو طرفہ ہیں۔شملہ معاہدے،لاہورڈیکلریشن نے مسائل پر بات کی راہ ہموار کی ہے۔
مشیر ٹرمپ