چئیرمین تبدیل ہوتا دیکھ رہا ہوں،سنیٹر ز حکومت سے پیسے لیں،ووٹ ہمیں دیں،بلاول

214

کراچی(نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ تبدیل ہوتا دیکھ رہا ہوں‘ سینیٹرز حکومت سے پیسے لیں اور ووٹ ہمیں دیں‘ این اے205 کے نتائج سلیکٹڈ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہیں‘ عمران خان نے امریکا میں ملک دشمن عناصر کے بجائے اپوزیشن کو نشانہ بنایا‘ 25 جولائی 2018 ء کو جمہوریت کا جنازہ نکال دیا گیا‘ عوام آج یوم سیاہ منائیں‘ میاں صاحب کو جیل میں سہولیات ملنی چاہئیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کی شام بلاول ہائوس میڈیا سیل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کو کامیابی دلائی‘ پہلے یہ سیٹ سلیکٹڈ حکومت کے پاس تھی‘ اس کامیابی پر میں تمام اپوزیشن کا شکر گزار ہوں خاص طور پر مولانا فضل الرحمن اور نواز لیگ کی قیادت کا
جنہوں نے تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ٹریلر ہے دوسرا چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہے ‘ 25 جولائی کو ہم یوم سیاہ منا رہے ہیں‘ سندھ بھر کے لوگ کراچی ،کوئٹہ پشاور پہنچیں‘میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھرپور طریقے سے آواز اٹھائیں‘ یہ وہ دن ہے جس دن جمہوری حقوق کا جنازہ نکالا گیا تھا‘انسانی حقوق کی دھجیاں ا ڑائی گئی تھیں۔ چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو پیسوں کی آفر کی جا رہی ہے‘ حکومت کے نمبرز پورے نہیں ہوںگے ‘ میں کہتا ہوں ان کے پیسے لے لیں اور ووٹ ہمیں دے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ادارہ متنازع ہو‘پچھلے الیکشن کے حوالے سے ہمارا جلد وائٹ پیپر شائع ہوگا‘ مریم نواز کی پریس کانفرنس کو سنسر کیا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں‘ میاں صاحب کو جیل میں سہولیات ملنا چاہئیں‘ اعلیٰ عدلیہ اس کا نوٹس لے‘ ہم میڈیا پر سنسر شپ کی مذمت کرتے ہیں۔
بلاول