حافظ سعید7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش

159

اسلام آباد( آن لائن ) کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا، حافظ سعید کو 7روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا
۔تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے قبل گرفتار کیے جانے والے حافظ سعید کو 7روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔حافظ سعید کو 17جولائی کو لاہور سے گوجرانوالہ آتے ہوئے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)پنجاب نے گرفتار کیا تھا، ان کی گرفتاری نیشنل ایکشن پلان کے تحت عمل میں لائی گئی تھی۔ گرفتاری کے بعد انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان کا 7 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔ حافظ سعید پر ملکوال میں کالعدم تنظیم کے لیے جگہ حاصل کرنے کا الزام ہے۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008ء میں جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندیاں عاید کی تھیں، بعد ازاں سال 2014ء میں امریکا نے بھی جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عاید کیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔1948ء میں پیدا ہونے والے حافظ سعید نے پہلے لشکر طیبہ کے نام سے اپنی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی، جب اس پر پابندی لگی تو انہوں نے جماعت الدعوۃکے نام سے اپنی سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔جب جماعت الدعوۃ پر بھی پابندی لگی تو انہوں نے فلاح انسانیت فائونڈیشن کے نام سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کے کئی فلاحی پروجیکٹس چل رہے ہیں جن میں اسکول، اسپتال اور مدرسے شامل ہیں۔
حافظ سعید ریمانڈ