یورپی مبصرین نے عام انتخابات 2018ء کو غیرجانبدار و شفاف قرار دیا

209

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) یورپی مبصرین نے عام انتخابات 2018ء کو غیرجانبدار و شفاف قرار دیا‘ فافن، پلڈاٹ اور سابق بھارتی الیکشن کمشنر دھاندلی کے الزامات مسترد کر چکے ہیں‘ ان کی رپورٹس گواہ ہیں کہ انتخابات میں کہیں بھی منظم یا غیر منظم دھاندلی نہیں دیکھی گئی۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ
اپوزیشن گزشتہ انتخابات سے متعلق کوئی وائٹ پیپرزلانا چاہتی ہے‘ حزب اختلاف کی جماعتوں نے عام انتخابات 2018ء میں دھاندلی کا الزام لگایا تھا لیکن ان ا نتخابات کو یورپی یونین مبصر گروپ نے جمہوری عمل کے لیے ایک کامیابی اور اہم سنگ میل قرار دیا تھا اور انہوں نے ووٹرز، انتخابی کمیشن، پولنگ کے عملے، سیاسی جماعتوں، امیدواروں، ان کے ایجنٹوں اور سیکورٹی فورسزکی انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے انتظامات کی تعریف کی اور اسی مبصر گروپ نے پچھلے انتخابات کے بعد انتخابی قوانین میں واضح بہتری کی بھی نشان دہی کی اور اسے تسلیم کیا۔ اسی طرح سابق بھارتی چیف الیکشن کمشنر شہاب الدین یعقوب قریشی نے مشترکہ مبصرین گروپ کے ایک رکن کی حیثیت سے اسلام آباد / راولپنڈی میں تمام تر انتخابی انتظامات دیکھے تھے‘ انہوں نے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کر دیا اور انتخابات کو بالکل قابل اعتماد، آزاد اور منصفانہ قرار دیا۔ دریں اثنا فافن اور پلڈاٹ نے بھی انتخابات کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی رپورٹ دی تھی کہ انتخابات میں کہیں بھی منظم یا غیر منظم دھاندلی نہیں دیکھی گئی جیسا کہ کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ پلڈاٹ نے اپنی رپورٹس میںگزشتہ انتخابات کے مقابلے میں پولنگ اسٹاف کے تربیتی اور غیر جانبدارانہ رویے کی تعریف کی ہے اور متعلقہ پولنگ کے روز بہترین انتظامات کو اپنی رپورٹس میں تسلیم کیا ہے‘ ان تمام معتبر رپورٹس کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے‘ یہ وقت ہے کہ اپوزیشن جماعتیں الزامات کے کھیل سے آگے بڑھیں اور بہتر جمہوری مستقبل اور بہتر نظام اختیار کرنے کے لیے پیش رفت کریں۔
یورپی مبصرین