متحدہ عرب امارات کا یمن سے فوجی انخلا نہ کرنے کا اعلان

180

ابوظبی ؍ نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ یمن میں حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائی روکی نہیں جائے گی۔ اس سے قبل باغیوں نے کہا تھا کہ وہ سعودی عرب پر حملے روکنے کے لیے تیار ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یمن میں حوثیوں کے خلاف فعال سعودی عسکری اتحاد کے ایک اہم رکن ملک متحدہ عرب امارات کے مطابق اماراتی فوجی یمن میں بین الاقوامی قوانین کے تحت یمنی فورسز کو تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن جنگ کا سیاسی حل اب بھی موجود ہے اور فریقین سوئیڈن معاہدے کے تحت جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔ اقوام متحدہ کے یمن کے لیے ایلچی مارٹن گریفتھس کا کہنا ہے کہ جنگ کے فریقین اور بین الاقوامی برادری دسمبر میں ہونے والے سوئیڈن کے امن معاہدے کی حمایت میں کھڑے ہیں اور س حوالے سے پیشرفت ہو رہی ہے۔ گریفتھس کے مطابق یمن جنگ کے فریقین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یمن جنگ کا حل فوجی نہیں، بلکہ صرف سیاسی حل ہے۔ ان کے مطابق امن معاہدے پر عمل میں کچھ وقت لگ رہا تھا جب کہ فریقین نے مذاکرات کو سیاسی حل کے لیے مثبت قدم تسلیم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حدیدہ کی بندرگاہ کی سیکورٹی، آمدن اور انتظامی امور جیسے معاملات پر ابھی اتفاق ہونا باقی ہے۔