عراق: کرپشن کے الزام میں 11 وزرا کے وارنٹ گرفتاری جاری

117

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق میں بدعنوانی کے ا لزام میں 11 وزرا کے گرفتاری وارنٹ جاری کردیے گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے وارنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بد عنوانی کے حوالے سے عدالتوں میں 1267 مقدمات زیرسماعت ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حشد الشعبی کو فوج یا پولیس میں ضم نہیں کیا جائے گا، کیوں کہ اسے خصوصی ملیشیا کے طورپر تیار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کہ ریاست کے دائرہ اختیار سے باہر کوئی مسلح گروپ سرگرم رہے۔ عراق خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کرے گا۔