رانا ثنا اللہ نے منشیات کے کاروبار کا اعتراف کرلیا،اے این ایف کا دعویٰ

387

لاہور(نمائندہ جسارت)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے عدالت میں پیش کیے گئے چالان میں دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے تفتیشی افسر کو دیے گئے بیان میں منشیات کا کاروبار کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔انسداد منشیات فورس کی جانب سے گزشتہ روز عدالت میں چالان جمع کرایا گیا۔ اے این ایف کے چالان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رانا ثناء نے تفتیشی افسر کو بیان میں کہا کہ سیاست میں پیسے کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے منشیات کے کاروبار سے جڑا۔ چالان کے مطابق رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں مقامی افغانوں سے نارکوٹکس لے کر منشیات کا کاروبار کرنے والوں کو اسمگل کرتا تھا۔ دوسری جانب لیگی رہنما رانا ثناء کے وکیل جاوید اعوان ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اْن کے مؤکل پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ واضح رہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے رانا ثناء اللہ کو 2 جولائی کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور اے این ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثناء کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔