آصف زرداری کیخلاف پارک لین کیس سماعت کیلئے مقرر احتساب عدالت طلب

325

اسلام آباد (صباح نیوز) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف پارک لین کیس19 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا جس میں سابق صدر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کریں گے جس کے لیے دیگر 16ملزمان کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پارک لین کیس میں سابق صدر پر پارک لین کمپنی کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی غیرقانی طور پر خریدنے کا الزام ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق خریدی گئی زمین کی اصل مالیت 2 ارب روپے ہے لیکن اسے صرف62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں گرفتار 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں31 جولائی تک توسیع کر دی ہے۔بدھ کواحتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جج محمد بشیر نے تفتیشی آفیسر سے استفسار کیا کہ ملزمان خورشید انور جمالی، سید عارف علی اور سید آصف محمود کی پلی بارگین درخواست کا کیا بنا ؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمان کی درخواست پر کام ہو رہا ہے‘ 2 ملزمان کی رپورٹ منظوری کے لیے ہیڈ کوارٹر بھیج دی ہے۔ فاضل جج محمد بشیر نے کہا کہ نیب ہیڈ کوارٹر کو حکم دیتا ہوں کہ جلدی کام مکمل کریں، تینوں ملزمان کا کام ایک ساتھ مکمل کیا جائے۔