وزیر اعظم کا دورہ امریکا انتہائی کامیاب رہا‘گورنر سندھ

344
کراچی: وزیراعظم کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کر رہی ہیں
کراچی: وزیراعظم کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کر رہی ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ امریکا انتہائی کامیاب ترین اور سادہ رہا۔ جہاں انہوں نے مسئلہ کشمیر سمیت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی، باہمی تجارت بڑھنے، افغانستان کے مسئلے کے علاوہ دیگر اہم ایشوز پر حکومتی موقف کا بھرپور اظہار کیا۔ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ عالمی سطح پر بڑی سفارتی فتح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی حجم کو 20 گنا بڑھانے کی خواہاں ہے جس سے قرضوں کی ادائیگی میں بھی مدد ملے گی۔ امریکی صدر نے پاکستان کے عوام اور مصنوعات کی بھی تعریف کی۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ قادیانیوں سے متعلق کسی بھی قسم کی آئین میں کوئی تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ میڈیا کی آزادی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا مکمل آزاد ہے جبکہ تعمیری تنقید سے مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔