سعودی عرب میں11 پاکستانی عازمین حج انتقال کر گئے ‘وزارت مذہبی امور

127

اسلام آباد (اے پی پی)سعودی عرب میں 11 پاکستانی عازمین حج انتقال کرگئے۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق حج سے قبل سعودی عرب پہنچنے والے 11 پاکستانی عازمین حج وفات پاگئے۔ جن میں سرکاری اسکیم کے تحت 9اورنجی اسکیم کے تحت 2 عازمین حج شامل ہیں جن کی اموات طبی طور پرہوئیں اور مرحومین کی تدفین جنت البقیع اور مکہ شرائع قبرستان میں کر دی گئی۔دوسری جانب وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے ایک لاکھ 8 ہزار سے زاید پاکستانی عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری ا سکیم کے تحت 77 ہزار جبکہ پرائیویٹ ا سکیم کے تحت 32 ہزار سے زاید عازمین پی آئی اے، سعودی ائر لائن اور ائربلیو کی مختلف پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچے ہیں۔ وزارت مذہبی امور سے154 افسران اور دیگر عملہ سعودی عرب میں فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ حج میڈیکل مشن کے تحت 405 ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکل اسٹاف دن رات کام کررہا ہے۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے 350 پاکستانی معاونین جبکہ 750 مقامی خدام بھی تعینات کیے جا چکے ہیں۔ کال سینٹر پر رہنمائی کیلیے361 جبکہ 285 شکایات موصول ہوئیں۔ اب تک حج میڈیکل مشن نے 11 ہزار سے زاید مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کیں، 64 مریضوں کو سعودی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔