اخلاقی اقدار کے بغیر تعلیم بے معنی ہے، ڈاکٹر عارف علوی

284
اسلام آباد :صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی 15ویںنیشنل سمر کیمپ کے حوالے سے منعقدہ تقریب خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد :صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی 15ویںنیشنل سمر کیمپ کے حوالے سے منعقدہ تقریب خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اخلاقی اقدار کے بغیر تعلیم کو بے معنی قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ ملک کو خوشحال بنانے کیلیے محنت اور ایمانداری کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک بھر کے 28 تعلیمی بورڈز کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے 132 طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہوں بدھ کو 15ویں نیشنل سمر کیمپ کے شرکاء کی حیثیت سے ایوان صدر کا دورہ کیا۔سمر کیمپ کا اہتمام انٹر بورڈ کمیٹیز آف چیئرمین نے کیا جس کا مقصد ان نوجوان طلبہ کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف ریاستی اداروں کے دورے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ اخلاقی اقدار کی تربیت بھی ضروری ہے تاکہ معاشرے میں انسانیت اور باہمی احترام کا ماحول پیدا کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم زندگی کے تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم اس سلسلے میں نظم و نسق کی کمی اور بدعنوانی پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ انہیں اس سلسلے میں اپنے اساتذہ اور والدین کی خدمات کو بھی نہیں بھولنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ تعلیم کو صرف ملازمت کے حصول کا ذریعہ نہیں سمجھیں بلکہ اس کے ذریعے سماج میں بہتری کی کوشش کریں۔ ایوان صدر کا دورہ کرنے والے طلبہ میں 66 پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز، 22 سندھ کے 7 تعلیمی بورڈز، 36 خیبرپختونخوا کے 9 تعلیمی بورڈز اور 5 بلوچستان کے ایک تعلیمی بورڈ سے شامل تھے۔