پاکستان کے مسائل امریکا، برطانیہ، روس یا چین حل نہیں کریگا ، راشد نسیم

160

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ پاکستان کے مسائل امریکا ، برطانیہ ، روس یا چین نہیں ، پاکستانی حل کرسکتے ہیں ۔ حکمرانوں نے دوسروں کی طرف دیکھتے دیکھتے قوم کے 70 سال ضائع کردیے ہیں ۔ خود انحصاری کا باعزت راستہ اختیار کیے بغیر مشکلات ختم نہیں ہوں گی ۔مسائل سے نکلنے کے لیے قوم کو رجوع الی اللہ کرنا اور اللہ کے نظام کو دل و جان کے ساتھ اپناناہوگا ۔ اللہ کے نظام سے بغاوت ہی مسائل کی اصل جڑ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام تربیتی اسٹڈی سرکل کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا سٹڈی سرکل سے قائم مقام ناظم اعلیٰ حمزہ صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔راشد نسیم نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا فطرت کو چھوڑ کر بغاوت اور انسانیت دشمنی کے راستے پر چل رہی ہے ۔ مائیں اپنے بچوں کو قتل کر رہی ہیں تو بچے اپنے بوڑھے والدین کو قتل کرنے سے نہیں چوکتے ۔مغرب میں خاندانی نظام تباہ ہوچکاہے ، 70 فیصد خواتین کو اپنے شوہروں پر اور شوہروں کو اپنی بیویوں پر اعتبار نہیں رہا ۔ دونوں ایک دوسرے کو دھوکا دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بچوں کی اکثریت کو اپنے باپ کا پتا نہیں ۔ عورتوں میں حمل گرانے اور نو مولود بچوں کو قتل کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہاہے ۔ راشد نسیم نے کہاکہ فطرت سے بغاوت در اصل اللہ کے نظام کے ساتھ دشمنی ہے ۔ جب تک انسان ایک فرمانبردار بندہ بن کر اللہ کے نظام کو اپنے لیے رحمت قرار نہیں دیتا، مسائل میں الجھارہتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اسلام کے آفاقی نظام سے ہی ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کر سکتاہے ۔ ملک و قوم کی مشکلات اور پریشانیوں کے حل کے لیے ہمیں اللہ اور رسول ؐ سے جڑنا اور اس کے نظام کو اختیار کرنا ہوگا ۔