کاروبار کے فروغ کے لیے بہتری ضروری ہے، نجیب ہارون

189

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رکن قومی اسمبلی اور معروف انجینئر محمد نجیب ہارون نے کہاہے کہ کاروبار کی ترقی کے لیے خدمات، کام کی تکمیل، اس کا نظام اور اشیاء کی خریداری و حصول کے معیار کو بہتر بنایا جانا ضروری ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن آف کنسلٹنگ انجینئرز پاکستان اور بدر ایکسپو سلوشنز کی منعقدہ ایک روزہ کانفرنس ’’پراکیورمنٹ آف سروسز، ورکس اور گڈز‘‘ میں بدھ کو کیا۔ایم این اے نجیب ہارون اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ، انہوں نے خدمات، تعمیر اور اشیاء کی خریداری اور حصول کے حوالے سے تقریب کی ستائش کی اور کہا کہ کانفرنس سے ملک میں اس شعبے کے معیار کو بلند کرنے میں مدد ملے گی ۔ کانفرنس میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے پالیسی سازوں اور انڈسٹری ماہرین کو ایک جگہ جمع کرنا شعبے کی ترقی کے لیے کار آمد ثابت ہوگا۔ کانفرنس کے انعقاد کے لیے منتظمین کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔اس موقع پر اے سی ای پی کے صدر انجینئر ایم صدیق عیسیٰ نے کانفرنس میں شامل ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستانی نمائندوں، مقررین، مختلف شعبوں کی معروف شخصیات اور دیگر مہمانوں کا استقبال اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس پالیسی سازوں، منصوبہ سازوں، حکومتی اداروں، مقامی اور غیر ملکی اداروں اور نجی شعبے کے پراکیومنٹ محکمہ جات کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔اے سی ای پی کے کنوینر انجینئر خالد پرویز نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا کہ اے سی ای پی کی اس کانفرنس کا مقصد خدمات، کام کی تکمیل اور اشیاء کی خریداری اور حصول کو بہتر بنانا ہے تاکہ ملک کی تعمیراتی صنعت اور اس کا معیار بہتر بنایا جاسکے۔