اسکیم کے تحت جاری تمام کاموں کو 3 ماہ میں مکمل کیا جائے

76

نوشہروفیروز(نمائندہ جسارت)رکن قومی اسمبلی و چیئر مین سوشل ویلفیئرکمیٹی سید ابرار علی شاہ نے ضلع میں تیل اور گیس نکالنے والی کمپنیوں کے ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم کے تحت جاری تمام کاموں کو تین ماہ کے اندر مکمل کیا جائے اس سے قبل اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے 2کروڑ70 لاکھ روپے کی رقم سے ضلع میں 4 میڈیکل ڈسپنسریاں اور 3 اسکولوں میں اضافی کمروں کے علاوہ ایک آر او پلانٹ کی تنصیب اور گلیاں پختہ کرنے کی اسکیموں پر کام جاری ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دپٹی کمشنر اور سیکرٹری سوشل ویلفیئر کمیٹی کیپٹن ریٹائرڈ بلال شاہد راؤ نے پبلک ہیلتھ انجینئر، بلڈنگ اور ایجوکیشن ورکس کے انجینئر سے کہا کہ وہ ان کاموں کی ہفتہ وار رپورٹ دیں اور کام کے معیار کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے گوٹھ فتح محمد میں آر او پلانٹ اور گوٹھ آڈھو ڈھیو میں گلیاں پکی کرنے کا کام شروع نہ کرنے پر ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تین ماہ میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر پی پی ایل کے نمائندے نے بتایا کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ ترقیاتی کاموں کیلیے مزید دس لاکھ روپے کی رقم ایک ماہ میں ضلع کو دے گی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر محراب پور طاہر جاوید، اسسٹنٹ کمشنر بھریا عبدالستار بھیو،چیئرمین یونین کونسل کوٹری کبیر، ارشاد احمد سہتو،چیئرمین یونین کونسل بیلا واہ امداد علی راجپر کے علاوہ آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔