شکارپور 1 ارب 79 کروڑ 69 لاکھ 92 ہزار 123 روپے کا بجٹ پیش

231

شکارپور (رپورٹ: ابراہیم بروہی) ڈسٹرکٹ کونسل شکارپور کا بجٹ اجلاس، سال 20-2019ء کے لیے 1 ارب 79 کروڑ 69 لاکھ 92 ہزار 123 روپے بجٹ پیش، ترقیاتی مد میں 57 کروڑ 5 لاکھ، کانٹیجنسی کی مد میں 8 کروڑ، پریس کلب کے لیے 50 لاکھ اور گاڑیوں کی خریداری کے لیے 2 کروڑ روپے رکھے ہیں، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل شکارپور۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل شکارپور آغا مسیح الدین خان درانی اور وائس چیئرمین امیر علی خان جتوئی نے کی۔ بجٹ اجلاس کی تفصیلات کے بتاتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل کے اکاؤنٹنٹ نے بتایا کہ اس سال 1 ارب 79 کروڑ 69 لاکھ 92 ہزار 123 روپے بجٹ کا اندازہ لگایا گیا ہے، جس میں ترقیاتی کاموں کے لیے 57 کروڑ 5 لاکھ، کانٹیجنسی کی مد میں 8 کروڑ، پریس کلب کے لیے 50 لاکھ اور نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے 2 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں جنرل ایڈمنسٹریشن کے لیے 7 کروڑ 19 لاکھ، اکاؤنٹ برانچ کے لیے 7 لاکھ، انجینئرنگ برانچ کے لیے 20 لاکھ، میڈیکل برانچ کے لیے 52 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 25 کروڑ روپے جبکہ دیگر کاموں کے لیے 30 لاکھ، ڈسٹرکٹ کونسل کی بلڈنگ کی بحالی کے لیے 85 لاکھ، ڈی واٹرنگ پمپنگ مشین اور جنریٹروں کے لیے 50 لاکھ، ارتھ ورک اور کچے روڈ کے لیے ڈیڑھ کروڑ، ڈسٹرکٹ کونسل کی ڈسپنسری کے لیے 60 لاکھ، آر سی سی پائپوں کی خریداری کے لیے 60 لاکھ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے 1 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ کا بڑا حصہ جس میں 30 کروڑ 35 لاکھ 39 ہزار او زیڈ ٹی شیئر سے ملنے کی توقع ہے جبکہ 10 لاکھ کی رقم مختلف ٹیکسوں کی مد سے حاصل ہوگی۔ اجلاس میں رکن انیس بھٹو نے عمرہ پیکج دینے، طارق مہر نے ہیلتھ سروسز کے لیے 50 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی جبکہ عبدالسلام انڑ نے اسکولوں کی بحالی کے لیے بجٹ میں رقم رکھنے کی تجویز دی جوکہ چیئرمین نے قبول کرلی۔ اس موقع پر رکن عبدالسلام نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل کا پریس کلب کے لیے 50 لاکھ روپے کی رقم رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب شکارپور اور انفارمیشن ڈپارٹمنٹ شکارپور نے ضلع کونسل کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ ضلع کونسل کے اجلاسوں کو اچھی کوریج دی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا مسیح الدین خان درانی نے کہاکہ میں تمام ممبران کا شکر گزار ہوں، ترقیاتی اسکمیں شروع ہوچکی ہیں، عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران نے اچھا ساتھ دیا۔ اس موقع پر50 لاکھ ایجوکیشن ،50 لاکھ ہیلتھ اور 50 لاکھ روپے عمرے کے لیے رکھے گئے۔ اجلاس کے آخر میں متفقہ طور پر بجٹ منظور کرلیا گیا اور آئندہ اجلاس 20 اگست کے بعد رکھنے کی تجویز دی گئی۔