ایچ ڈی اے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے میں لگی ہوئی ہے، ملازمین

201

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین نے واسا ملازمین کی پانچ ماہ کی تنخواہوں، پنشن اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کے پر نویں روز بھی پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔ دھرنے میں تمام سائیڈوں کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عبدالحمید، بلاول ملاح، عبدالقیوم بھٹی ودیگر نے کہا کہ ایچ ڈی اے کی کرپٹ انتظامیہ اتنی بے حس اور مزدور دشمن ہے کہ نو روز سے واسا کے ملازمین پُر امن دھرنا دیے ہوئے ہیں مگر کرپٹ انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی بلکہ کئی ماہ کی ریکوری ہونے کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں، پنشن کی ادائیگی کے بجائے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے میں لگی ہوئی ہے، جبکہ واسا ملازمین کے بچے فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابل افسوس بات یہ ہے کہ شہر میں موجود سیاسی وسماجی تنظیموں اور این جی اوز کی جانب سے ابھی تک ملازمین کے ساتھ یکجہتی کا بھی کوئی بیان نہیں آیا۔ یہ تنظیمیں صرف ووٹ لینے کے لیے مزدوروں کے حقوق کا نعرہ لگاتی ہیں۔ انہوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں بصورت دیگر نکاسی وفراہمی آب کا نظام بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔