حیدرآباد،حیسکو کا خراب ٹرانسفامر کو پیسوں کی عدم ادائیگی پر ٹھیک کرنے سے انکار

157

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گاڑی کھاتہ سب ڈویژن حیسکو حیدرآباد نے ریشم بازار کے مکینوں پر ظلم وزیادتی کے پہاڑ توڑ ڈالے‘ چار روز سے خراب ٹرانسفارمر کو محض پیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث ٹھیک کرنے کے لیے اتارنے سے انکار کردیا، علاقہ مکین شدید گرمی ‘ حبس کی وجہ سے سخت پریشان ہیں گھروں میں نصب یو پی ایس اور دیگر برقی آلات نے بھی کام چھوڑ دیا۔ ریشم بازار کوہ نور پلازہ کے سامنے نصب ٹرانسفارمر ر3جولائی کو بھی خراب ہوگیا تھا جس کی مرمت کے لیے گاڑی کھاتہ سب ڈویژن کے ذمے داران کو اہل بازار اور علاقہ مکینوں نے 40ہزار روپے جمع کرکے دیے تھے، تب تین روز کے بعد ٹرانسفارمر اتار کر لے گئے اور مرمت کرکے دوسرے روز رات کو نصب کیا جوکہ دوسری مرتبہ 20 جولائی کو شام سات بجے خراب ہوگیا۔ متعلقہ سب ڈویژن کے ذمے داران کو آگاہ کیا لیکن چوتھا روز ہوگیا مرمت کے لیے عملہ نہیں آیا۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ حیسکو عملے نے یہ وتیرہ بنا لیا ہے کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی صورت میں بغیر پیسے لیے اس کی مرمت نہیں کرتے، جبکہ یہ حیسکو کی ذمے داری میں شامل ہے لیکن حیسکو عملے نے یہ عادت بنالی ہے کہ جب تک پیسے نہیں ملتے وہ ٹرانفسارمر نہیں اتارتے۔ شہریوں نے وزیر اعظم، وفاقی وزیر پانی وبجلی، حیسکو چیف اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ سب ڈویژن گاڑی کھاتہ کے انسانیت سوز رویے سے نجات دلائی جائے اور فوری طور پر ٹرانسفارمر نصب کیا جائے، بصورت دیگر سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔