اشیا کے نرخ بڑھانے کے بجائے کم کرنے چاہییں، عبدالحفیظ لغاری

157

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) ضلع بھر میں روزمرہ کے استعمال میں آنے والی اشیا خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے سلسلے میں ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہٰیار عبدالحفیظ لغاری کی زیر صدارت کانفرنس ہال ڈپٹی کمشنر آفس ٹنڈوالہٰیار میں منعقد ہوا۔ اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹنڈوالہٰیار عبدالباسط ہکڑو، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوالہٰیار شبیر جسکانی، اسسٹنٹ کمشنر جھنڈو مری سلیم الدین میمن، اسٹاف آفیسر ڈی سی آفس ٹنڈوالہٰیار ماجد علی ماکو، ہول سیل اینڈ ریٹیلر ایسوسے ایشن کے نمائندوں اور دیگر کاروباری حضرات نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہٰیار نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں ہمیں خلق خدا کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور ان کی تکالیف کو کم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے استعمال میں آنے والی اشیا کے نرخ بڑھانے کے بجائے کم کرنے چاہییں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہٰیار نے کہا کہ اشیا خورونوش ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کیے گئے نرخوں پر ہی فروخت کی جائیں اور ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر لگائیں۔ اس ضمن میں خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں کاروباری حضرات کی تجاویز، ہول سیل نرخوں، ٹرانسپورٹ کے اخراجات و دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیا خورونوش کے ریٹیل کے نرخ طے کیے گئے۔