ڈی ایس پی سمیت 2 افراد کے قتل کے جرم میں 4 مجرموں کو عمر قید

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس مقابلے میں ڈی ایس پی قاسم غوری سمیت 2 افراد کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر 4 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنادی۔کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے ڈی ایس پی قاسم غوری سمیت 2 افراد کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 4 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے مجرموں پر 10، 10 لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا۔ دہشتگردوں میں احمر، رانجھن، عمران اور اللہ ودائیو شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے 2013ء میں سفاری پارک کے قریب پولیس مقابلے میں ڈی ایس پی قاسم غوری، اے ایس آئی آصف کو جاں بحق اور 5 اہلکاروں کو زخمی کردیا تھا۔