سیدعبدالرشید کی ڈی آئی جی پولیس ساؤتھ سے ملاقات،امن و امان پر گفتگو

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رکن سندھ اسمبلی و امیر جماعت اسلامی کراچی جنوبی سید عبدالرشید کی ڈی آئی جی پولیس ساؤتھ شرجیل کھرل سے امن و امان، ڈکیتی، انسداد منشیات، فحاشی کے اڈوں اور غیرقانونی تعمیرات پر مقامی پولیس کے جانبدار رویے پر ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر رہنما جماعت اسلامی فیصل میمن بھی ان کے ساتھ موجود تھے ،ڈی آئی جی ساؤتھ کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کو تمام شکایات پر فوری نوٹس لینے کی یقین دہانی کرائی گئی اور ایس ایس پی ساؤتھ کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ ، قانون اور اسٹیٹ کی رٹ قائم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔سید عبدالرشید کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو نشے کا عادی بنایا جا رہا ہے جو ہرگز منظور نہیں ،وہ اس حوالے سے اسمبلی میں قرارداد بھی منظور کراچکے ہیں ،امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانا منشیات کی فروخت اورفحاشی کے اڈوں کو بند کرانا پولیس کی ذمے داری ہے ،امید ہے فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔