پی پی نے محمد بخش مہر کو اپنے خاندان کے سامنے کھڑا کردیا ‘حلیم عادل

152

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جس بھی خاندان میں جاتی ہے وہاں اختلافات پیدا ہوجاتے ہیں۔اب ان کی نظر گھوٹکی کے سردار مہر خاندان پر ہے۔ پیپلز پارٹی نے محمد بخش مہر کو اپنے خاندان کے سامنے کھڑا کردیا ہے۔گھوٹکی کے ضمنی انتخابات میں ایک طرف آزاد امیدوار تھا اور دوسری طرف پوری سندھ حکومت تھی۔چار ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔سندھ حکومت نے گھوٹکی کے ضمنی انتخابات میں سرکاری مشینری کا بے دھڑک اور پیسہ کا بے دریغ استعمال کیا۔بلاول کی ریلی کو کیوں نہیں روکا گیا۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ جو بھی افسر نواب شاہ میں تعینات ہوتا ہے وہ زرداری ہائوس کے لیے کام کرتاہے۔کل سندھ حکومت نے مجھے پانچ نوٹس بجھوائے۔ جب بھی سندھ حکومت کی خلاف بات کرتا ہوں میرے نام پر نوٹس آجاتا ہے۔ مرتضیٰ وہاب اینٹی کرپشن کے ذریعے ہمیں ڈرا دھمکا نہیں سکتے۔ جب سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے تب آپکا اینٹی کرپشن کیا کر رہا ہوتا ہے؟ گھوٹکی انتخاب میں پیپلز پارٹی نہیں بلکہ دھونس، دھمکی، پیسہ اور سائیں سرکار جیتی ہے۔پیپلز پارٹی کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے۔