شہر ی علی حسین کا قتل،ایڈیشنل آئی جی سمیت متعلقہ افسران طلب

182

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے شہری علی حسین کے قتل سے متعلق ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی ایسٹ سمیت متعلقہ افسران کو ذاتی طور پر آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس ارشاد علی شاہ پر مشتمل 2رکنی بینچ کے روبرو شہری علی حسین کے قتل سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں مقتول علی حسین کی والدہ پیش ہوئیں۔ مقتول کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے کو گٹکا بنانے والوں نے قتل کیا۔ گٹکا بنانے والوں کو پولیس کے اعلیٰ افسران کی سرپرستی حاصل ہے۔ درخواست گزار کے وکیل مزمل ممتاز ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ علی حسین کے قتل کی انویسٹی گیشن ڈی آئی جی CIA سے کرائی جائے۔ عدالت نے ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی ایسٹ سمیت متعلقہ افسران کو ذاتی طور پر طلب کرلیا۔ عدالت نے پولیس افسران کو ملزمان کو جلد گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ علی حسین کو 27 مارچ 2019ء کو گٹکا بنانے والوں نے اغوا کیا۔ 30 مارچ 2019 ء کو علی حسین کی لاش تھانہ شارع فیصل کی حدود سے کار میں برآمد ہوئی۔ لاش کا پوسٹ مارٹم بھی پولیس نے ایک دن بعد کرایا۔