کے ڈی اے ملازمین کوعیدالاضحی سے قبل جون کی تنخوا ہ ادا کرنے کا فیصلہ

148

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)کے ڈی اے کی فنانس انتظامیہ اور مزدور یونین (سی بی اے) کے درمیان ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ڈائریکٹر جنرل آفس میں میٹنگ منعقد ہوئی، اجلاس میں ڈی جی کے ڈی اے عبدالقدیر منگی رکن فنانس آغا پرویز چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سلمیٰ کوثر، ڈائر یکٹر اکاؤنٹس سعید احمد چیئرمین (سی بی اے) یونین عبدالمتین شیخ ،جنرل سیکرٹری محمد اشفاق چشتی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اصولی طورپر فیصلہ کیا گیاکہ عید الا ضحی سے قبل ماہ جون کی تنخواہ ادا کردی جائے گی جب کہ آئندہ ہر ماہ تنخواہ کی دس سے بارہ تاریخ تک ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا، ریٹائر ہونے والے ایک گریڈسے پندرہ گریڈ کے ملازمین کو ایل پی آرکی ادائیگی ایک ماہ میں کردی جائے گی جب کہ آفیسرز کی ایل پی آر25فی صد کے حساب سے ایک ماہ میں کردی جائے گی۔ عید الاضحی کے بعد ملازمین کو طبّی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پولی کلینک میں اُو پی ڈی قائم کی جائے گی جس میں جنرل فزیشن، ہارٹ اسپشلسٹ،ڈینٹل اُو پی ڈی میں ماہرین معائنہ اور علاج کریںگے، کراچی لیبارٹری کو دوبارہ پینل پر لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ عیسیٰ لیبارٹری اور آ ئی کیئر لیب سے پہلے ہی ملازمین کو بیماریوں کے ٹیسٹ کرانے کی سہولت حاصل ہے۔ مزدور یونین نے میٹنگ میں ادارے کی مالی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔