بورڈ آف ریونیو سندھ رجسٹریشن کے دفتر پر ٹھیکیدار مافیا کا قبضہ

328

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بورڈ آف ریونیو سندھ رجسٹریشن ونگ کے سب رجسٹرار کے دفاتر پر ٹھیکیدار مافیا کا قبضہ، تمام دفتروں کو غیر محفوظ اور پرائیویٹ جگہوں پر اچانک منتقل کر دیا گیا ہے۔ دفتروں میں موجود ٹھیکیداری نظام کے پرائیویٹ لوگ سرکاری کام کھلے عام سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ پرائیویٹ ٹھیکیدار کے لوگ عوام سے بھاری رشوت طلب کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ریونیو سندھ کے سب رجسٹرار کے دفاتر پر ٹھیکیدار مافیا کا قبضہ ہوگیا ہے۔ تمام دفاتر کو غیر محفوظ جگہوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گڈاپ ٹاؤن 1 کا دفتر ذکریا گوٹھ سپر ہائی وے، گڈاپ ٹاؤن 2 کا سرجانی ٹاؤن، گلشن ٹاؤن 1 اور گلشن ٹاؤن 2 گلستان جوہر، جمشید ٹاؤن 1 پی ای سی ایچ ایس جمشید ٹاؤن 2 ڈیفنس، گلشن ٹاؤن 3 بہادرآباد اور صدر ٹاؤن 1 کا دفتر اچانک سے کلفٹن منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان غیر قانونی منتقلیوں کے خلاف وکلا ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس عابدعلی ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ٹھیکیداری نظام اور غیر قانونی دفاتر کی منتقلی کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، جبکہ وکلا ایکشن کمیٹی نے ان غیر قانونی منتقلی کے خلاف بھرپور انداز میں شہر بھر میں ریلیاں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ ان تمام غیر قانونی منتقلیوں اور ٹھیکیداری نطام کے حوالے سے وکلا ایکشن کمیٹی کا وفد عابد علی ایڈووکیٹ کی قیادت میں وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکرٹری سندھ اور سینئر رکن بورڈ آف ریونیو سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ ان شخصیات کو تمام ٹھیکیداری نظام اور غیر قانونی منتقلیوں پر مکمل بریفنگ دے گا، تاکہ عوام اپنی جائیداد کی منتقلی پر جو شدید پریشانی اور اذیت اٹھا رہی ہے، ان تمام تکالیف کا ان اعلیٰ حکام کو بھی مکمل آگاہی ہو اور وہ ان تمام غیر قانونی دفاتروں کی غیر قانونی منتقلی اور ٹھیکیداری نظام کے خلاف بھرپور ایکشن لیں، تاکہ عوام کو اپنی جائیداد کی منتقلی پر مکمل سہولت اور ریلیف میسر ہو سکے۔