مٹیاری کے احتجاجی اساتذہ خودسوزی سے گریز کریں‘ظہیراحمد

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سال2012ء کے اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی کے چیئرمین ظہیر احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ 7برسوں سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کا انصاف کے حصول کیلیے پر امن احتجاج بنیادی حق ہے اس حق سے انہیں محروم نہیں کیا جاسکتا،سندھ حکومت متاثرہ اساتذہ کو تنخواہیں جاری کر دیں تو پھر کوئی بھی خود سوزی کرنے کی سوچ نہیں سکتا،مٹیاری کے احتجاجی اساتذہ سے درخواست ہے کہ خودسوزی جیسے اقدام سے بہر صورت گریز کریں اور اساتذہ نمائندے آپس میں اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جنرل سیکرٹری حمیرا، غزالہ جبیں ،زمان خاصخیلی ،اسلم برفت ،ارشاد احمد، اسحاق بلوچ سمیت دیگر سینئر عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس میںکہا گیا کہ کراچی میں بھی سال 2012ء کے مختلف کیڈر کے اساتذہ بھرتیوں کے بعد سے تاحال تنخواہوں سے محروم ہیںاور انہوں نے تنخواہوں کے حصول کے لیے جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے مگر ایسے اقدامات سے ہمیشہ گریز کیا جس سے انسانیت کو تکلیف پہنچے۔انہوں نے کہاکہ ہم مٹیاری کے اساتذہ کی جانب سے تنخواہوں کے اجراء کے مطالبے کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور وہ ہماری طرح بلاشبہ تنخواہوں کے لیے پر امن احتجاج کو جاری رکھیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سندھ حکومت سال2012ء کے اساتذہ کے مسئلے کو فوری حل کرکے ان میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ کرے ۔