مقبوضہ کشمیر‘ کشتواڑ میں مسلمانوں کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عاید

126

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض حکام نے کشتواڑ قصبے میں مسلمانوں کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عاید کردی ہے۔ کشتواڑ کے ضلع مجسٹریٹ انگریز سنگھ رانا نے منگل کو حکم جاری کیا کہ مسلم رہنما کشتواڑ قصبے میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کسی بھی سیاسی سرگرمی سے اجتناب کریں بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حریت رہنمائوں نے قابض انتظامیہ کے اس حکم نامے کی شدید مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاکہ بھارت کے مقرر کردہ گورنر ستیا پال قتل عام اور تشدد کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر کے گورنرکے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ایسے بیانات سے بھارتی گورنر نے گاندھی کے قاتلوں کا اصل چہرہ بے نقاب کیا ہے‘ مقبوضہ کشمیر میں ظالم بھارتی حکمرانوں نے ہمیشہ کرپشن کے بیج بوئے ہیںاور لوٹ مار، سیاسی تکبر اور ظلم و جبر کو تقویت دی ہے۔