عام انتخابات کا ایک سال مکمل، آج اپوزیشن ملک گیر یوم سیاہ منائیگی

159

کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+خبر ایجنسیاں) عام انتخابات2018ء میں دھاندلی کے خلاف آج اپوزیشن کی طرف سے ملک گیر یوم سیاہ منایا جائے گا، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت قبائلی اضلاع اور ملک کے بڑے شہروں میں 9اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ مظاہرے اور جلسے ہوں گے ، سب سے بڑا مظاہرہ صوبائی دارالحکومت پشاور جبکہ سب سے بڑا جلسہ کراچی میں ہوگا۔ اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ میں بھی مشترکہ احتجاجی مظاہرے ہوں گے ، احتجاجی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، ان مظاہروں سے اپوزیشن لیڈرزشہباز شریف، راجا ظفرالحق، بلاول زرداری، راجا پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، مولانا فضل الرحمن اور دیگر جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ کراچی میں مزارقائد سے متصل باغ جناح میں یوم سیاہ کے سلسلے میں متحدہ اپوزیشن کے تاریخ ساز جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آل پارٹیزکانفرنس میں شریک 9 سیاسی ، دینی و قوم پرست جماعتوں نے انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر دھاندلی کے خلاف آج ملک بھر میں یوم سیاہ کا اعلان کیا ہے ، بڑے شہروں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے ،اورمشترکہ احتجاجی مظاہرے ہوں گے جس سے مرکزی ،صوبائی اور مقامی رہنما خطاب کریں گے ، ان مظاہروں میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی، جمعیت علما اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل عوامی پارٹی، مرکزی جمعیت اہلحدیث، جمعیت علما پاکستان، قومی وطن پارٹی کے کارکنان شریک ہوں گے اور انتخابی دھاندلی کیخلاف وسیع پیمانے پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ۔ مختلف شہروں میں اپوزیشن کے احتجاج کو روکنے کے لیے انتظامیہ کی طرف سے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جبکہ اپوزیشن نے قبائلی اضلاع میں بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں احسن اقبال ، مریم اورنگزیب ، ایاز صادق اور مشاہداللہ خان نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک نااہل شخص کو ملک پر مسلط کیا گیا ، 25جولائی 2018ء کو عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیاتھا، انتخابات میں دھاندلی کے خلاف آج ملک گیر یوم سیاہ منایا جائے گا اور تمام شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سعید غنی، وقارمہدی،عاجزدھامرا و دیگرکا کہنا ہے کہ کراچی میں مزارقائد سے متصل باغ جناح میں یوم سیاہ کے سلسلے میں متحدہ اپوزیشن کے تاریخ ساز جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،جلسے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔