نوجوانوں کو تحریک اسلامی کیلیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے‘حسین محنتی

135

کراچی (نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، جے آئی یوتھ ایک نظریاتی نوجوانوں کا قافلہ ہے جس سے قوم کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں، یوتھ کے نوجوان پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک جمہوری، فلاحی و اسلامی
ریاست کے قیام کے لیے تحریک اسلامی کے ہر اول دستہ کا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ کے صدر زبیر احمد گوندل کی سربراہی میں قبا آڈیٹوریم میں وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں صوبائی صدر فرہاد گل، کراچی کے صدر بلال رمضان و دیگر شامل تھے جبکہ صوبائی نائب امیر عظیم بلوچ، ناظم عمومی محمد دین منصوری اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے، حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ تاحال پورا نہیں کیا، نوجوان دربدر گھومتے پھر رہے ہیں جبکہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، جے آئی یوتھ نے مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف ملک گیر روڈ کارواں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ ماہ مرکزی کونسل کے اجلاس میں اس کو حتمی شکل دی جائے گی، پہلے مرحلے میں کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی میں روڈ کارواں ہوںگے۔ بعدازاں اس کو پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا، اسی طرح نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوںکو فروغ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اسپورٹس کی سرگرمیاں کی جائیں گی جس میں کرکٹ، فٹ بال اور کبڈی شامل ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے یوتھ وفد کو اپنے مکمل تعاون اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ان کے عزائم کو سراہا۔
حسین محنتی