قومی ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز،5میچز کے فیصلے ہوگئے

154

کراچی(اسٹاف رپورٹر) 65 ویں قومی ہاکی چمپئن شپ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہوگئی۔مہمان خصوصی چیئر مین پی آئی اے کے مشیر ائروائس مارشل نورعباس نے چمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپئن حنیف خان اور کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے قومی کھیل ہاکی سمیت تمام کھیلوں میں تعاون کر ے گا۔ہاکی نے پاکستان کا امیج دنیا میں اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاکی کی ترقی کے لئے اسکول کی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ایک وقت تھا کہ قومی ہاکی ٹیم میں پی آئی اے کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد ہوتی تھی۔ ائر وائس مارشل نور عباس نے کہا کہ ہاکی میں پاکستان کاشاندار ماضی رہا ہے۔ امید ہے کہ جلد ہاکی کا وقار بحال ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے مالی طور پرزیادہ مستحکم نہیں ہے، لیکن اب ہم خسارے کی کیفیت سے نکل رہے ہیں۔ْپی آئی اے نے ماضی میں بھی ہاکی فیڈریشن کو سپورٹ کیا ہے،مستقبل میں بھی تعاون جاری رہے گا۔نیشنل ہا کی چمپئن شپ میں فورسز سمیت 20ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔چمپئن شپ کے پہلے دن پانچ میچز کھیلے گئے جو یکطرفہ رہے۔پہلے میچ میں خیبر پختونخوا نے گلگت کو11-0گول سے شکست دی۔دوسرے میچ میں پورٹ قاسم اتھارٹی نے بلوچستان کو صفر کے مقابلے میں 6گول ہرادیا۔تیسرامقابلہ پنجاب اور فاٹا کے درمیان ہوا جس میں پنجاب نے فاٹاکو7-0گول فتح حاصل کی۔چوتھے میچ میں سندھ نے اسلام آباد کو5-0گول سے ہرایا۔ افتتاحی روزکا 5واں اور آخری میچ میں پی آئی اے اور ائر فورس کے درمیاان کھیلاگیا جس میں پی آئی اے نے3-1گول سے فتح حاصل کی۔