سترہ سالہ اسٹرائیکر کی ڈبل ہیٹ ٹرک ، پاکستان فٹبال میں تاریخ رقم کر دی

249

پشاور (جسارت نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام پشاور میں جاری نیشنل فٹبال چیلنج کپ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سترہ سالہ نوجوان اسٹرائیکر محمد وحید نے ڈبل ہیٹ ٹرک اسکور کرکے پاکستان فٹبال میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دوسرے میچ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سترہ سالہ نوجوان اسٹرائیکر محمد وحید نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو حیران کردیا۔ چوتھے منٹ میں محمد وحید نے گول اسکورنگ کا آغاز کیا اور وقفہ سے قبل 46ویں منٹ میں دوسرا گول اسکو کیا۔ 60ویں منٹ میں محمد وحید نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک اسکورکرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ 71ویں منٹ میں چوتھا ، 78ویں منٹ پانچواں اور 79ویں منٹ میں چھٹا گول اسکورکے نیشنل چیلنج کپ کے پہلے کھلاڑی بن گئے جس نے ڈبل ہیٹرک کرنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ محمد وحیدنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ سال کراچی یونائیٹڈ سے سول ایوی ایشن کی ٹیم میں منتقل ہوئے۔ ٹیم کی تیاری کے متعلق محمد وحید کا کہنا تھا کہ 15 روزہ تربیتی کیمپ میں ہیڈ کوچ صدیق شیخ کی زیرنگرانی ہم نے بھرپور تیاری کی اور اسی کا نتیجہ ہے کہ ہماری ٹیم نے سابق نیشنل چمپئن پاکستان ریلویز کوآوَٹ کلاس کیا۔ مجھے اپنی عمدہ کارکردگی پر بے حد خوشی ہے اور یہ ریکارڈ میں اپنے والدین اور ہیڈ کوچ صدیق شیخ کے نام کرتا ہوں۔ محمد وحید کا کہنا تھا کہ اپنی اس کارکردگی کوایونٹ کے دیگر میچوں میں بھی دہرانے کی کوشش کروں گا۔ ریفریز شوکت حسین اور انور خان کے معاونین یونس لعل، راشد عبداللہ نصیر الدین، امین، علاء الدین اور ذیشان خان، ریفریز ایسیسرامتیاز علی شاہ جبکہ میچ کمشنر قاضی آصف تھے۔