انگلینڈ اور آئر لینڈ کے مابین واحد ٹیسٹ آج سے لارڈز میں کھیلا جائے گا

338

سید پرویز قیصر
انگلینٖڈ اور آئر لینڈ کے مابین اولین ٹیسٹ میچ لارڈز کے تاریخی میدان پرآج سے شروع ہوگا جو چار دن تک کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی ابتدا میں تین اورچار دن کے ٹیسٹ ہوئے تھے مگر اس کے بعد پانچ دنوں کے ٹیسٹ میچ کا سلسلہ شروع ہواتھا جو اب تک جاری ہے۔ اس دوران کچھ ٹیسٹ چھ دن کے بھی ہوئے۔
انگلینڈ نے ابھی تک آئر لینڈ اورافغانستان کے علاوہ ہر ٹیم کے خلاف ٹیسٹ کھیلا ہے۔ آئر لینڈ کے ساتھ ٹیسٹ کے بعد اب صرف افغانستان ایسی ٹیم رہ جائے گی جس کے خلاف انگلینڈ نے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔
انگلینڈ اور آسڑیلیا کے مابین ٹیسٹ سے کرکٹ کی شروعات ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ ،ویسٹ انڈیز،جنوبی افریقا اور سری لنکا نے اپنے پہلے ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف کھیلے تھے جبکہ پاکستان، بنگلا دیش، زمبابوے اور افغانستان نے بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔
پاکستان کے خلاف آئر لینڈ کو اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ملا تھا۔ دونوں کے مابین اولین ٹیسٹ میچ گزشتہ سال ڈبلن میںگیارہ سے پندرہ مئی تک کھیلا گیا تھا۔پاکستان نے اس ٹیسٹ میں پانچ وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔ دوسری اننگ میںکیون او برائین نے344 منٹ میں217 بالوں پر12چوکوں کی مدد سے118 رن بنائے تھے جو آئر لینڈ کے لئے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری تھی۔
آئر لینڈ نے اپنا دوسرا ٹیسٹ دہرن دون میں افغانستان کے خلاف کھیلا تھا جو اسی سال15 سے18 مارچ تک ہوا تھا۔ افغانستان نے اس ٹیسٹ میں سات وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ افغانستان کا کوئی بلے باز اس ٹیسٹ میں سنچری نہیں بنا سکا تھا۔ اس طرح آئر لینڈ کے خلاف ابھی تک ٹیسٹ میچوں میں کوئی بلے باز سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔
ابھی تک آئر لینڈ کو دونوں ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ اس کے لئے انگلینڈ کو بھی شکست دینا تقریبا ناممکن ہے۔ اس لئے اس کو اپنی پہلی جیت کے لئے ابھی ا نتظار کرنا ہوگا۔ انگلینڈ کا کوئی نہ کوئی بلے باز اس ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرے گا جو آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری ہوگی۔
آئر لینڈ نے ابھی تک جو153ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں67 میں اسے فتح ملی ہے،75 میں شکست ہوئی ہے۔ اس کے گیارہ میچ غیر فیصلہ کن رہے ہیں جس میں تین ٹائی میچ بھی شامل ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف اس نے دس ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں ایک میں اسے فتح ملی ہے، آٹھ میں شکست ہوئی ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔
انگلینڈ اور آئر لینڈ کے مابین اولین ٹیسٹ میں انگلینڈ کی قیادت جو روٹ کریں گئے جبکہ ولیم پورٹر ٖفیلڈ آئر لینڈ کے کپتان ہونگے۔ابھی تک دونوں ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے آئر لینڈ کی قیادت کی ہے۔ جو روٹ کی قیادت میں انگلینڈ نے جو 27 ٹیسٹ کھیلے ہیں اس میں 14 میں جیت ملی ہے گیارہ میں شکست ہوئی ہے اور دوٹیسٹ برابر رہے ہیں۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے لئے یہ ٹیسٹ ایشز کے لیے پریکٹس ٹیسٹ ہے۔ اس ٹیسٹ کے بعد اسے آسڑیلیا کے خلاف ایشیز سریز کھیلنی ہے جس میں پانچ ٹیسٹ ہونگے۔