وزیراعظم ایسے لاڈلے ہیں جو کسی کے بھی آگے جھک سکتے ہیں، مریم نواز

358

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تم ایسے لاڈلے ہو جو کسی کے سامنے بھی جھک سکتے ہو، تمہیں امریکا نہیں جانا چاہیے تھا، تم نے وہاں جاکر اس کی تصدیق کی جو تمہارے بارے میں سب جانتے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر امریکی صدر ٹرمپ کی تعریف میں وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تم ایک ایسے لاڈلے ہو، جو کسی بھی اتھارٹی اور مطالبے کے سامنے اپنی غیرقانونی طریقے سے حاصل طاقت کو برقرار رکھنے کیلیے جھک سکتا ہے۔ انہوں نے کہا
کہ تم میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی پر پابندی لگانے پر کیوں جھوٹ بولتے ہو۔ اب واپس آؤ! میرے خلاف مزید کیسز بناؤ، میری سیاست، احتجاجی ریلیوں اور میڈیا کوریج پر پابندی کے احکامات جاری کرو۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ’’میں واشنگٹن کے کیپیٹل ون ارینا میں پاکستانی۔ امریکن کمیونٹی کی اتنی بڑی تعداد کی جانب سے بطور وزیراعظم امریکا کے میرے پہلے دورے پر لوگوں کی حمایت اور سپورٹ پر شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر حل کروانے کیلیے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر بلانے کی پیشکش پر بھارت کے ردِ عمل سے حیرت ہوئی ہے، کشمیریوں کی نسلوں نے دکھ سہا ہے اور اب بھی روز سہہ رہی ہیں، ان کے مسئلے کا حل ہونا چاہیے۔
مریم نواز