خلیج میں تمام امریکی جہازوں پر نظر ہے‘ ایران

279

تہران/ لندن (انٹرنیشنل ڈیسک)ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خانزادے نے کہا ہے کہ ایران خلیج کے پانیوں میں تمام دشمنوں خاص طور پر امریکی جہازوں کی آمد و رفت کی پل پل نگرانی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈرونز کی مدد سے ان جہازوں کی روزانہ کی سرگرمیوں کی تصاویر جمع کی جا رہی ہیں۔ حسین خانزادے کا یہ بیان ینگ جرنلسٹ کلب کی ویب سائٹ نے منگل کے روز شائع کیا۔ بیان کے مطابق ایرانی بحریہ نے کہا کہ جہاں سے یہ جہاز چلتے ہیں، وہیں سے ہی ہم ان کی نگرانی شروع کر دیتے ہیں اور ان کی نگرانی خطے میں داخل ہونے تک کی جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس ان کی ایک ایک تصویر موجود ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہم نے ان کی دستاویز کاری کرتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز میں پہرے کے لیے ایک بین الاقوامی اتحاد تشکیل دینے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اتحاد میں پوری دنیا کے ممالک شامل ہوں گے۔ پومپیو نے پیر کے روز ایک انٹرویو میں کہا کہ واشنگٹن تہران کی قیادت کا رویہ تبدیل کرانے پر کام کر رہا ہے اور ایک ایسا اتحاد تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہے جو آبنائے ہرمز میں گشت کے ذریعے آبی گزر گاہوں کے کھلے رہنے کو یقینی بنائے۔ ادھر برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے ایک بارپھر ایران سے تحویل میں لیا گیا برطانوی جہاز چھوڑنے اورعملے کو رہا کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ایران کومتنبہ کیا ہے کہ اگر تہران نے تیل بردارجہاز نہ چھوڑا تو برطانیہ خلیج میں بڑی تعداد میں فوج تعینات کرنے پرمجبور ہوجائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے خلیج فارس میں بین الاقوامی جہازوں کے تحفظ کے لیے یورپ کی زیر قیادت منصوبہ تجویز کیا ہے۔ جب کہ فرانس نے بھی اس منصوبے پر غور کی تصدیق کی ہے۔

بندرعباس: پاسدارانِ انقلاب کی کشتی ضبط شدہ برطانوی آئل ٹینکر کی نگرانی کررہی ہے‘ عملے کے ارکان کی تصویر ایران نے جاری کردی ہے