افغانستان : اسرائیلی کاروباری افراد کی خاتون اوّل سے ملاقات

196

کابل (انٹرنیشنل ڈیسک) صہیونی ریاست اسرائیل کی ایک بین الاقوامی مشاورتی فرم کے سربراہ یوآف مردخائی کے رواں ماہ کے اوائل میں افغانستان کی خاتون اوّل رُولا غنی سے ملاقات کا انکشاف ہوا ہے، جس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ اسرائیلی کمپنیاں افغان اراضی میں سرمایہ کاری کریں گی۔ ۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ عرصے میں یوآف مردخائی کی صدارت میں 5 رکنی وفد نے 2 قابل اعتماد کاروباری شخصیات کے ساتھ کابل کا دورہ کیا، جس کا مقصد افغانستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا تھا۔ مردخائی کے مطابق یہ ملاقات افغانستان کی خاتون اول رُولا غنی سے متعلقہ ایک کمپنی کی دعوت پر منعقد ہوئی۔ اس سلسلے میں افغان ذمے داران کے ساتھ تجارتی بات چیت اور اجلاسوں کے حوالے سے تمام تر رابطہ کاری اسی کمپنی نے انجام دی۔ 3 روز تک جاری رہنے والے اس دورے میں یوآف مردخائی اور ان کے اسرائیلی تجارتی شراکت داروں نے افغانستان کی خاتون اوّل رُولا غنی سے ملاقات کی۔ افغان ذمے داران کے ساتھ کئی اجلاسوں کے دوران اس بات پر اتفاق رائے سامنے آیا کہ اسرائیلی کمپنیوں کی کابل، فراہ، ہلمند اور نیم روز میں سرمایہ کاری ہو گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یوآف مردخائی نے اسرائیلی وفد میں کاروباری شخصیت کی حیثیت سے شامل ہو کر بحرین کے اقتصادی ورکشاپ میں بھی شرکت کی تھی۔