رانا ثنا اللہ کے خلاف 15کلو ہیروئن کا چالان عدالت میں جمع

122

لاہور(نمائندہ جسارت ) ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف 15کلو ہیروئن کا چالان عدالت میں جمع کرادیا گیا‘ منشیات اسمگلنگ کیس میں انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ (ن) کے گرفتار رہنما رانا ثنا اللہ سے تفتیش مکمل کرکے انسداد منشیات عدالت میں چالان جمع کرادیا۔ اے این ایف نے راناثنا اللہ کو تفتیش میں قصور وار قرار دے دیا اور چالان میں ان سمیت دیگر5 ملزمان کو بھی نامزد کیا ہے۔ عدالت میں جمع کرایا گیا چالان200 صفحات پر مشتمل ہے جس کے بعد منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار راناثنا اللہ کے ٹرائل کا آغاز ہوگیا۔ عدالت کے جج مسعود ارشد نے 29 جولائی کو رانا ثنااللہ کو طلب کرلیا۔ خیال رہے کہ یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو لاہور سے فیصل آباد جاتے ہوئے ان کی کار سے مبینہ طور پر 15 کلو منشیات برآمد ہونے پر حراست میں لیا تھا۔