عدالت عظمیٰ: پولیس اہلکار کے قتل کا ملزم عدم شواہد کی بنا پر بری

119

اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے پنجاب پولیس کے اہلکار کے قتل کے ملزم قیصر عباس کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ کیس کے 2 ملزمان مظہر عباس اور مشتاق پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔ گواہان کے بیان میں تضاد ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ایف آئی آر میں موٹر سائیکل کی روشنی کا ذکر نہیں جبکہ ایف آئی آر میں قریبی آبادی سے آنے والی روشنی کا ذکر کیا گیا۔ اگر قریب کی آبادی میں لائٹ تھی تو اتنی دور تک روشنی نہیں آسکتی۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ملزم پہلے ہی بہت سے مقدمات میں ملوث ہے ملزم کو پولیس نے ناکا لگا کر روکا تاہم ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس سے کانسٹیبل ہلاک ہوگیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کیس میں شکوک و شبہات بہت زیادہ ہیں قیصر عباس پر 2009ء میں ملتان کے علاقے میںپولیس اہلکار عمران شفیع کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ ٹرائل کورٹ نے قیصر عباس کو 2 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی۔تاہم ہائی کورٹ نے قیصر عباس کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔