اپوزیشن احتجاج میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے‘ وزیر اطلاعات پختونخوا

113

پشاور (اے پی پی)صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو اپوزیشن جلسہ کرے‘ جلوس نکالے یا دھرنا دے صوبائی حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی بلکہ ہم اپوزیشن کے تمام ایونٹ کوسہولت دیں گے۔ وہ اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند ہیں اور ووٹ کے ذریعے منتخب ہو کرحکومت میں آئے ہیں جس کا مینڈیٹ 5 سال کا ہے‘ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ معیشت کو بہتر کریں‘ کرپشن اور مہنگائی کو ختم کریں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے اپوزیشن کو صوبے میں جلسے وجلوس کرنے کے لیے کھلی آزادی دی ہے‘ ہم کسی سے نہیں گھبراتے‘ اپوزیشن کے پاس کیا ایشوز ہیں کہ وہ مظاہرہ کرنے جا رہی ہے‘ 35 سال عوام نے ان کی لوٹ مار کو برداشت کیا ہے‘ اب جب معیشت بہتر ہو رہی ہے‘ وزیراعظم عمران خان امریکی دورے پر ہیں اور پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہو رہا ہے تو اپوزیشن ملک کو عدم استحکام سے دوچار کر رہی ہے۔